مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی وزارت انٹیلیجنس نے ملک کے جنوب مشرقی علاقے میں دہشت گرد۔تکفیری گروہوں کے چار منظم آپریشنل نیٹ ورک کا سراغ لگاتے ہوئے 15 دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت انٹیلیجنس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صوبہ سیستان و بلوچستان کے مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس کارروائیوں کے دوران امریکی۔صہیونی انٹیلی جنس اداروں سے وابستہ دہشت گرد۔تکفیری گروہوں کے چار منظم نیٹ ورک بے نقاب کیے گئے۔
بیان کے مطابق زاہدان، چابہار، ایران شہر، خاش، تفتان، نیک شہر اور قصرقند میں کیے گئے سلسلہ وار آپریشنز کے دوران 15 دہشت گرد گرفتار کیے گئے، جبکہ ان کے قبضے سے کلاشنکوف رائفلیں اور بڑی مقدار میں گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
وزارت کے مطابق گرفتار افراد صوبے میں بدامنی پھیلانے اور اقتصادی، رفاہی، عدالتی و دیگر اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
بیان میں کہا گیا کہ اس سے قبل بھی جولائی کے اوائل میں چار دیگر دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی کی گئی تھی، جس میں دو دہشت گرد ہلاک اور 10 دیگر گرفتار ہوئے تھے۔
وزارت انٹیلیجنس نے مزید بتایا کہ دہشت گرد نیٹ ورکس کے ممکنہ اندرونی روابط اور دیگر پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں۔
آپ کا تبصرہ